گلگت، دیامر 2میں پوسٹل بیلٹ کی گنتی مکمل، پی پی کے عطاء اللہ کامیاب

گلگت: الیکشن ٹربیونل کے احکامات کی روشنی میں حلقہ جی بی اے 16 دیامر 2 کے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی مکمل کر لی گئی، جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار عطاء اللہ کو 13 ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار دے دیا گیا۔

عدالتی احکامات کی روشنی میں سابق کامیاب امیدوار امام مالک کی کامیابی ڈی نوٹیفائی کیے جانے کے بعد پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی کا عمل گزشتہ دن شروع ہواجو پوری رات جاری رہا۔

یہ بھی پڑھیں:استحکام پاکستان پارٹی کا وفاق، پنجاب اور گلگت سے آزادکشمیر تک پارلیمانی قوت بننے کا سفر

گنتی مکمل ہونے کے بعد صبح تقریباً 5 بجے عطاء اللہ کی کامیابی کا سرکاری فارم 49 بھی جاری کر دیا گیا۔

الیکشن حکام کے مطابق پوسٹل بیلٹ کی گنتی کے نتیجے میں عطاء اللہ نے 13 ووٹوں کی برتری حاصل کی، جس کے بعد حلقے کے انتخابی نتائج میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے گزشتہ دنوں امام مالک کی رکنیت معطل کی تھی۔

دوسری جانب عطاء اللہ کے حامیوں کی بڑی تعداد پوری رات الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے دفتر کے باہر موجود رہی۔ کامیابی کا اعلان ہوتے ہی حامیوں نے صبح سویرے جشن منایا اور خوشی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ عام انتخابات میں یہاں سے نتائج روک لئے گئے تھے اور ابتدائی نتائج میں پی پی امیدوار کوہی برتری حاصل تھی جس پر آزاد امیدوار امام مالک نے کئی روز دھرنا بھی دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:آئی پی پی ممبر گلگت بلتستان اسمبلی امام مالک کی رکنیت معطل

آزاد امیدوار امام مالک استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوئے تو انہیں کامیاب قرار دیا گیا تھا۔

الیکشن ٹربیونل نے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا جس پر پی پی نشست لینے میں کامیاب ہو گئی جبکہ آزاد جیت کر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے امام مالک کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔