کوئٹہ: وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ بلوچستان میں صوبے کے سماجی و اقتصادی شعبوں، معدنیات و کان کنی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق اہم بریفنگز کا انعقاد کیا گیا۔
بریفنگز میں صوبائی حکومت کی حکمت عملی، جاری منصوبوں اور عوام کو فراہم کیے جانے والے ثمرات سمیت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزارت منصوبہ بندی و ترقی بلوچستان کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں صوبائی حکومت کی سماجی و اقتصادی شعبوں سے متعلق ترجیحات اور حکمت عملی پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ حکام نے گورننس، سروس ڈیلیوری، فنڈز کے مؤثر استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
معدنی وسائل اور کان کنی کے شعبے پر بریفنگ:
وزارت معدنیات و وسائل بلوچستان کی بریفنگ میں صوبے کے معدنی وسائل اور کان کنی کے شعبے کی استعداد پر روشنی ڈالی گئی، جبکہ جاری منصوبوں سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ معدنی شعبے کو ترقی دے کر بلوچستان کے عوام کو معاشی اور دیگر فوائد پہنچانے کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کا امن اور خوشحالی ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
امن و امان کی صورتحال کا جائزہ:
وزارت داخلہ و قبائلی امور کی جانب سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے پروونشل ایکشن پلان، پولیس اصلاحات اور بالخصوص لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے معاملے پر ہونے والی پیش رفت سے شرکاء کو آگاہ کیا۔وزارت داخلہ کی بریفنگ میں سیف سٹی منصوبے، قانون سازی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کے حوالے سے بھی پیش رفت سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ سوال و جواب:
بریفنگز کے اختتام پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔ اس دوران شرکاء نے صوبے کے مختلف شعبوں سے متعلق متعدد سوالات اٹھائے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مختلف امور پر حکومت کا مؤقف اور ترجیحات بھی واضح کیں۔




