گلگت بلتستان کے محکمہ جنگلی حیات و پارکس نے 2027-2026 کے ٹرافی ہنٹنگ سیزن کیلئے 117 مارخوروں کے شکار کے پرمٹس نیلام کردیئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلامی کی تقریب گلگت کے فاریسٹ، پارکس اینڈ وائلڈ لائف کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں شکاریوں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:آئی بیکس اور مارخور شکار پر وفاق و خیبرپختونخوا میں تنازع
نیلامی کے دوران استور مارخور، بلیو شیپ اور ہمالیائی آئی بیکس کے شکار کے پرمٹس پیش کئے گئے۔نیلامی میں مجموعی طور پر 3 استور مارخور، 14 بلیو شیپ اور 100 ہمالیائی آئی بیکس کے پرمٹس شامل تھے۔
حکام کے مطابق سب سے زیادہ قیمت استور مارخور کے پرمٹ کی لگی جو 3 لاکھ 56 ہزار ڈالر( تقریباً9 کروڑ 85لاکھ روپے) میں فروخت ہوا۔
استور مارخور کا دوسرا پرمٹ 3 لاکھ ایک ہزار ڈالر جبکہ تیسرا پرمٹ 2 لاکھ 94 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق استور مارخور کا ایک اضافی پرمٹ گزشتہ شکار کے سیزن سے بھی منتقل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:نایاب نسل کے مارخور بچے کی حفاظت،شہزاد کاظمی و برادران نے نئی مثال قائم کردی
چیف کنزرویٹر پارکس اینڈ وائلڈ لائف ذاکر حسین نے بتایا کہ بلیو شیپ کا سب سے زیادہ ایکسپورٹیبل پرمٹ 31 ہزار 200 ڈالر میں فروخت ہوا جبکہ اس کی سب سے کم بولی 25 ہزار 100 ڈالر رہی۔
اسی طرح پرائم کیٹیگری میں ہمالیائی آئی بیکس کا سب سے زیادہ ایکسپورٹیبل پرمٹ 13 ہزار 200 ڈالر میں فروخت ہوا جبکہ کم ترین بولی 11 ہزار 500 ڈالر رہی ہے۔
محکمہ جنگلی حیات و پارکس کے حکام کو امید ہے کہ رواں ٹرافی ہنٹنگ سیزن کے دوران 65 کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:مارخور کا غیرقانونی شکارکرنیوالے کو5کروڑ7لاکھ جرمانہ،ایک سال قید
واضح رہے گلگت بلتستان میں 2027-2026 کا ٹرافی ہنٹنگ سیزن 15 اکتوبر2026 سے شروع ہوگا اور 10 اپریل 2027 تک جاری رہے گا۔
گزشتہ سال بھی استور مارخور کا پرمٹ 3 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالرمیں نیلام ہوا تھا۔




