ایرانی عوام کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے ،صدر مسعود پزشکیان کا امریکا کو دوٹوک پیغام

نئی دہلی: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور کبھی دشمن کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔

ایرانی صدر نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مذہبی رہنماؤں، دانشوروں،کاروباری افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران بیک وقت اسرائیل، امریکا کے خلاف کامیابی سے کھڑا ہونے میں کامیاب رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران جنگ پر افسوس سے صاف انکار، مڈٹرم انتخابات پر اثرات کی پرواہ نہیں

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہمیں دھمکانا اور دباؤ میں لانا چاہتے ہیں، ہم دباؤ قبول نہیں کرنا چاہتے، ہم کبھی ان کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔ اگر وہ ہمیں دھکیلیں گے تو ہم بھی جواب دیں گے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایک ہی لمحے میں اسکول کے 168 بچوں کو شہیدکر دیا، آپ ہمیں دہشت گرد کہتے ہیں؟ آپ کا کیا جو انسانوں کو قتل کرتے ہیں۔

مسعود پزشکیان نے امریکا او راسرائیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ سائنسدانوں کو بمباری کا نشانہ بناتے ہیں اور اسکولوں، اسپتالوں پر حملے کرتےہیں؟ اگر آپ میں ہمت ہےتو صرف فوجیوں اور فوجی اہلکاروں سے لڑیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ آپ بنیادی ڈھانچے،لوگوں کے روزگار،ذریعۂ معاش کو کیوں نشانہ بناتے ہیں؟ ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران نے زیر زمین بیلسٹک میزائلوں کی تیاری دوبارہ شروع کردی،امریکی حکام کا انکشاف

واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان جمعے کو بھارت پہنچے ہیں جہاں وہ برکس ممالک کے ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تنازع جاری ہے۔