وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحات بارے اہم اجلاس

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں معیار تعلیم کو بلند کرنے اور تعلیم کو ہنر اور روزگار سے جوڑنے کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو تعلیمی اداروں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی منصوبوں اور جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ قوموں کا مستقبل کلاس رومز میں بنتا ہے اور ہر نوجوان کو ہنرمند اور خودکفیل بنانا ان کا بنیادی مشن ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نوجوانوں کو علم، ہنر اور ٹیکنالوجی سے مکمل طور پر لیس کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے افتخار گیلانی کی اہم ملاقات، ریاستی مسائل حل پر اتفاق

اجلاس میں جدید فنی تعلیم کے فروغ کے لیے کئی اہم اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر ہائر ایجوکیشن اظہر صادق، وفاقی سیکرٹری بین الاصوبائی امور محی الدین وانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبائی حکومتوں کے ساتھ کام کرنے والے مختلف اداروں کے حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔