متنازعہ ڈی ایچ او کو سکیل 19کی پوسٹ مل گئی،میرٹ پر سوال اٹھنے لگے

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ صحت میں ڈی ایچ او کی تعیناتی متنازع، سکیل 18 کے ڈاکٹر کو سکیل 19 کی پوسٹ مل گئی۔

محکمہ صحت عامہ میں ڈی ایچ او مظفرآباد کی تعیناتی پر سنگین سوالات اٹھ گئے۔ دو سال کی طویل کوششوں کے بعد ڈاکٹر عامر شہزاد کو ڈی ایچ او مظفرآباد تعینات کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق تعیناتی کے طریقہ کار اور اہلیت پر محکمہ صحت کے حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔سکیل 18 کے میڈیکل افسر کو کیڈر سے ہٹ کر سکیل 19 کی انتظامی پوسٹ پر تعینات کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:روزگار کے نئے مواقع،آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے، وزیراعظم

محکمہ صحت میں ڈاکٹر کیڈر اور ایڈمن کیڈر الگ الگ ہونے کے باوجود مذکورہ افسر کی ڈی ایچ او تعیناتی پر ملازمین کےاعتراضات سامنے آگئے۔

حلقوں میں یہ سوال بھی زیرِ بحث ہے ہ آخر ڈی ایچ او مظفرآباد کی اس نشست کے حصول کیلئے گزشتہ دو برس سے اتنی بھرپور کوشش کیوں کی جاتی رہی؟ آخر کچھ تو وجہ تھی کہ اس تعیناتی کیلئے سر دھڑ کی بازی لگائی گئی۔

ذرائع کے مطابق ملازمین نے مذکورہ تعیناتی میں میرٹ، سینیارٹی اور کیڈر کے اصولوں کی وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔ متعلقہ افسر کو ماضی میں محکمانہ کارروائیوں اور انکوائریوں کا بھی سامنا رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور :سوشل میڈیا صارفین کے گرد گھیرا تنگ، ڈپٹی کمشنر کا سخت کارروائی کا فیصلہ

تاہم ان معاملات کی مکمل تفصیلات اور سرکاری ریکارڈ تاحال سامنے نہیں لایا گیا۔محکمہ صحت کے ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر تعیناتی قواعد و ضوابط کے مطابق ہے ۔

حکومت اس کا نوٹیفکیشن، افسر کا کیڈر، سکیل، سینیارٹی اور اہلیت واضح کرے تاکہ اٹھنے والے سوالات کا جواب مل سکے۔

شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ایچ او مظفرآباد کی تعیناتی کا مکمل ریکارڈ منظر عام پر لایا جائے اور اگر قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہو تو تعیناتی پر نظرثانی کی جائے۔