قومی ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں سے متعلق شعیب اختر کا اہم بیان

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے قومی کرکٹ ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ اسکواڈ کو تبدیل کر کے نوجوان اور ملک کے لیے کھیلنے کا حقیقی جذبہ رکھنے والے کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہیے۔ ایک خصوصی پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کرکٹ کے شعبے میں درپیش مسائل اور ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) موجودہ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے شدید مایوس ہے اور اسی بنا پر اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے فاسٹ بولرز کے مستقبل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کے کیریئر کو بچانا چاہتا ہوں، کیونکہ ان تینوں کھلاڑیوں میں پاکستان ٹیم کو بہت کچھ دینے کی صلاحیت موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کھلاڑیوں کے مبینہ ڈسپلن کی خلاف ورزی، پی سی بی تحقیقات شروع

بابر اعظم کی عدم شمولیت اور حالیہ کارکردگی:

سابق فاسٹ بولر نے اپنی تجویز کردہ فہرست میں بابر اعظم کو شامل نہیں کیا، جو اس وقت قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں وہ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور دونوں اننگز میں بالترتیب صرف 8 اور 6 رنز ہی اسکور کر سکے تھے۔