پاکستان

پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی دعوے مسترد کر دئیے

پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے یکطرفہ دعوؤں اور اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات خطے کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب تنازعات میں شامل ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 83 ہزار سےتجاوز

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہونا چاہیے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ رائے شماری اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق کرائی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں آزادانہ فیصلہ کر سکیں۔

سجاد حیدر خان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سرکاری نقشوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک متنازع خطے کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جاری کیے جانے والے نام نہاد سرکاری نقشے اور خطے پر یک طرفہ خودمختاری کے دعوے بین الاقوامی قانون کے تحت کوئی قانونی حیثیت نہیں رکھتے۔

ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام یقینی بنائے۔

دفترِ خارجہ نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کو کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے متعلق اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری پر مجبور کرے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انگلش چین ل عبور کرنیوالے 140 تارکین وطن ریسکیو، برطانیہ پہنچا دیا گیا

پاکستان نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔