نادرا

نادرا کی جانب سے شہریوں کے لیےایک اور سہولت متعارف

نادرا نے شہریوں کیلئے ایک اہم سہولت متعارف کراتے ہوئے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ملک بھر کے کسی بھی نادرا دفتر میں اپنی سہولت کے مطابق مطلوبہ وقت کی اپائنٹمنٹ بک کروانے کی سہولت فراہم کر دی۔

نادرا دفتر جانے سے پہلے اپائنٹمنٹ لازمی نہیں
نادرا کی نئی سہولت سے فائدہ اٹھانے والے شہری گھر بیٹھے اپنی مطلوبہ نادرا سروس کے لیے دفتر اور دستیاب وقت کا انتخاب کرکے اپائنٹمنٹ بک کر سکیں گے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے کچھ دیر پہلے متعلقہ دفتر پہنچیں تاکہ طویل قطار میں انتظارکئے بغیر اپنی باری پر خدمات حاصل کر سکیں۔

پاک آئی ڈی ایپ کا نیا ورژن جاری
نادرا نے حال ہی میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن بھی جاری کیا ہے، جس میں شہریوں کی سہولت کیلئے متعدد نئی خدمات اور فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے کو آن لائن شکایت درج کرانے کی سہولت
نادرا کے نئے ورژن میں شہریوں کے لیے ایف آئی اے کو آن لائن شکایت درج کروانے کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے ذریعے شہری متعلقہ شکایت ڈیجیٹل طریقے سے درج کرا سکیں گے۔

فیملی ریکارڈ میں درستگی بھی ممکن
پاک آئی ڈی ایپ کے نئے ورژن میں فیملی ریکارڈ کی درستگی سے متعلق سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو نادرا دفاتر کے غیرضروری چکروں سے بچاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ خدمات آن لائن فراہم کرنا ہے۔

دستخط اپ لوڈ کرنے کی سہولت
نئے فیچرز میں دستخط اپ لوڈ کرنے کی سہولت بھی شامل ہے، جس کے ذریعے شہری شناختی دستاویزات سے متعلق بعض ضروری کارروائیاں موبائل ایپ کے ذریعے مکمل کر سکیں گے۔

ڈیجیٹل شناخت سمیت متعدد سہولیات
نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے نئے ورژن میں شناختی دستاویزات سے متعلق ڈیجیٹل سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جبکہ شہریوں کیلئے متعدد دیگر اہم فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

نادرا کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے سہولت فراہم کرنا
ترجمان نادرا سید شباہت علی نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پاک آئی ڈی ایپ میں شہریوں کی سہولت کیلئے کئی اہم فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں ایف آئی اے کو آن لائن شکایت، فیملی ریکارڈ کی درستگی، دستخط اپ لوڈ کرنے اور شناختی دستاویزات سے متعلق ڈیجیٹل سہولیات شامل ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پینشن لینے والوں کے لیے بڑی خبر، نادرا نے تصدیق کا جدید ڈیجیٹل طریقہ متعارف کرا دیا

نادرا کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل سہولیات کے ذریعے شہریوں کیلئے خدمات کے حصول کا عمل مزید آسان اور مؤثر بنایا جا رہا ہے، تاکہ انہیں معمولی نوعیت کے کاموں کیلئے بار بار نادرا دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔