جی پی ٹی

اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی۔6’’آسٹرا‘‘متعارف کرانے کا دعویٰ

اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے جدید ترین ماڈل جی پی ٹی-6 ’آسٹرا‘ کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق نئے ماڈل کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مزید جدید صلاحیتوں اور بہتر کارکردگی کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جو پیچیدہ اور عملی نوعیت کے کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اوپن اے آئی کے مطابق جی پی ٹی-6 آسٹرا نے ابتدائی آزمائشوں کے دوران بعض غیر متوقع رویوں کا مظاہرہ کیا، تاہم مزید بہتری اور جانچ کے بعد اسے جدید صلاحیتوں کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ مختلف کارکردگی کے پیمانوں پر آسٹرا نے دیگر بڑے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کو پیچھے چھوڑا ہے، جن میں اینتھروپک کا کلاؤڈ اور گوگل کا جیمینائی بھی شامل ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چیٹ جی پی ٹی اور کلاڈ سمیت اے آئی ماڈلز سروسز بیک وقت معطل

اوپن اے آئی کے مطابق نیا ماڈل محض سوالات کے جوابات دینے تک محدود نہیں بلکہ کمپیوٹر استعمال کرنے، ویب براؤزنگ، سافٹ ویئر انجینئرنگ، سائبر سیکیورٹی، سائنسی تحقیق اور مختلف پیشہ ورانہ امور میں بھی معاونت فراہم کرسکتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے پیش کیے گئے ایک مظاہرے میں آسٹرا نے بیک وقت صارف کی متعدد ہدایات پر کام کرتے ہوئے پیچیدہ نوعیت کے مختلف کام انجام دیے۔ ان کاموں میں قانونی معاہدہ تیار کرنا اور ویڈیو گیم بنانا بھی شامل تھا۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ جی پی ٹی-6 آسٹرا کی تیاری کا بنیادی مقصد صارفین کو ایسے پیچیدہ اور عملی کام مصنوعی ذہانت کی مدد سے انجام دینے میں سہولت فراہم کرنا ہے جن کیلئے روایتی طور پر زیادہ وقت اور انسانی محنت درکار ہوتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اوپن اے آئی کا نوجوانوں کے لیے زیادہ محفوظ چیٹ جی پی ٹی متعارف

نئے ماڈل کی صلاحیتوں کے باعث مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مسابقت مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ صارفین کیلئے تحقیق، پروگرامنگ اور دیگر پیشہ ورانہ کاموں میں اے آئی کے استعمال کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔