بارات

باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 20 زخمی ہو گئے

رحیم یار خان میں رکن پور قومی شاہراہ پر باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 باراتی جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کے مطابق حادثہ رکن پور قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

تصادم اتنا شدید تھا کہ ٹریکٹر ٹرالی میں سوار متعدد افراد زخمی ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا جبکہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری رہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ، بارات لے جاتے گاڑی کو حادثہ،2خواتین جاں بحق،دولہا، دلہن زخمی

پولیس حکام کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی سامنے آئی ہے، تاہم حادثے کی حتمی وجوہات جاننے کیلئے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کرنے کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں ہسپتال انتظامیہ کو الرٹ رکھا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر: پونچھ میں ٹریفک کا المناک حادثہ 6افرادجاں بحق، متعدد زخمی

انہوں نے امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔