شہداء

یومِ دفاع و شہداء، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف کا شہدائے وطن کو سلام پیش

یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر مسلح افواج نے وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی شہدائے وطن کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے غازیوں اور شہداء کے اہل خانہ کی خدمات اور قربانیوں کو بھی سراہا اور ان کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں قومی اتحاد، غیر معمولی جرأت اور مضبوط عزم کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

1965ء کی جنگ کے دوران پاکستانی قوم نے مادر وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دیا اور دشمن کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بلوچستان کا امن اور خوشحالی ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدائے پاکستان فرض شناسی، قومی غیرت اور ایثار و قربانی کی اعلیٰ ترین روایات کے امین ہیں۔

وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے جوانوں نے میدان جنگ کے ساتھ ساتھ فضاؤں اور سمندروں میں بھی لازوال قربانیاں پیش کیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے محافظوں کی نسل در نسل خدمات اور قربانیاں وطن سے بے مثال وفاداری کا مظہر ہیں۔

شہدائے وطن کی قربانیوں سے قائم ہونے والی عظیم روایت اور ان کی لازوال میراث آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ رہنمائی اور حوصلے کا ذریعہ بنی رہے گی۔

آئی ایس پی آر نے شہداء کے اہل خانہ کو بھی عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کی قابلِ احترام مثال قرار دیتے ہوئے ان کی استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں اور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شہداء کی قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر عزم دیا، وزیراعظم شہباز شریف

وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوت قومی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔