لاہورپولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فلک جاوید کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتارکرلیا۔
پولیس نے گرفتاری ڈالنے کے بعد ملزمہ کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کیا جہاں عدالت نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ملک عابد حسین نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ فلک جاوید کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اور تفتیش کیلئے ان کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ پولیس نے عدالت سے ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔
عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے فلک جاوید کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور انہیں تفتیش کیلئے پولیس کے حوالے کردیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ضرورت سے زیادہ اعتماد ٹھیک نہیں،27ستمبر کا احتجاج پی ٹی آئی کو 2سال پیچھے لے جائیگا، رانا ثنااللہ
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے زمان پارک کے باہر پولیس پر حملے سے متعلق مقدمے میں فلک جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی تھی۔ مذکورہ کیس میں بھی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے درخواست ضمانت پر سماعت کی تھی۔
پراسیکیوشن نے فلک جاوید کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت میں اپنا مؤقف پیش کیا تھا۔ پولیس کے مطابق فلک جاوید کیخلاف تھانہ ریس کورس میں پولیس پر حملے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
فلک جاوید 9 مئی سے متعلق مختلف مقدمات کے سلسلے میں جیل میں قید ہیں۔ جناح ہاؤس حملہ کیس میں نئی گرفتاری ڈالے جانے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے تفتیش کیلئے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی آزادکشمیر، توصیف عباسی، چوہدری عارف اور ثقلین شاہ کو شوکاز، فہیم فاروق سمیت 3 رہنماؤں کی رکنیت ختم
پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے دوران مقدمے سے متعلق مزید تفتیش اور شواہد اکٹھے کیے جانے کا امکان ہے۔




