ساجد اقبال عباسی کو جھٹکا،وزارت کا خواب چکنا چور،کابینہ سے نام غائب

Pakistan SCO Summit 2026

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر میں حکومت سازی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا،نئی 8 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا اور کابینہ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔

حکومت سازی کے بعد مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے والے حلقہ غربی باغ سے منتخب رکن اسمبلی سردار ساجد اقبال عباسی پہلے مرحلے کی کابینہ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب سے لے کر اسپیکر اور مخصوص نشستوں کے انتخابات تک مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دینے والے ساجد اقبال عباسی کو کابینہ کی تشکیل کے وقت ہی نظر انداز کر دیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیصل ممتاز راٹھور صدر، میاں عبدالوحید کو سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی آزادکشمیر بنائے جانے کا امکان

سیاسی حلقوں میں سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ حکومت سازی کے مرحلے میں جس حمایت کو اہمیت حاصل تھی، وزارتوں کی تقسیم کے وقت وہ حمایت اچانک بے وزن کیوں ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق ساجد اقبال عباسی کو یہ توقع تھی کہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کے صلے میں انہیں کسی نہ کسی وزارت سے نوازا جائے گا۔ تاہم کابینہ کی حلف برداری کے موقع پر ان کا نام ہی فہرست سے غائب نکلا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سردار ساجد اقبال عباسی کو دلاسا دیا گیا ہے کہ کابینہ کی توسیع کے دوسرے مرحلے میں انہیں شامل کیا جا سکتا ہے لیکن فی الحال یہ صرف ایک یقین دہانی ہے، فیصلہ نہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم گیلانی کی زیرصدارت اہم اجلاس، اصلاحاتی عمل تیز کرنے کا فیصلہ

حکومت سازی میں اپنا وزن منوانے کی کوشش کرنے والے ساجد اقبال عباسی کو پہلے مرحلے میں وزارت نہ ملنے سے ان کی سیاسی حکمتِ عملی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ۔

سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ دوسرے مرحلے تک وزارت کے انتظار میں رہتے ہیں یا مسلم لیگ (ن) کی قیادت انہیں دوبارہ اسی طرح انتظار کی گھڑی میں رکھتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ساجد اقبال عباسی کو کابینہ میں شامل کرنے کا حتمی اختیار مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے پاس ہے۔ یو

ں حکومت سازی کے دوران حمایت کے بدلے وزارت کی امید لگانے والے ساجد اقبال عباسی فی الحال کابینہ کے باہر اور وعدوں کے انتظار میں کھڑے ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026