مون سون بارشیں: ڈپٹی کمشنر بھمبر کا اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم

Pakistan SCO Summit 2026

بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری محمد طارق نے مون سون سیزن کے دوران متوقع بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ جس سے انسانی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے عوام بالخصوص ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو خبردار کیا کہ وہ بارش کے دوران غیر معمولی احتیاط کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی صورت میں ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں یا سیلابی پانی کے قریب جانے سے گریز کریں۔

انہوں نے بتایا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے۔ اس کے تحت خطرناک مقامات پر غیر ضروری آمدورفت اور ایسے تمام اقدامات سے گریز کیا جائے جو کسی انسانی جان کیلئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے مختلف سرکاری اداروں میں ہزاروں نئی آسامیوں کا اعلان

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

چوہدری محمد طارق نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران مشینری، عملہ اور ضروری وسائل ہر وقت تیار رکھے جائیں۔

ندی نالوں، برساتی نالوں، سڑکوں اور دیگر حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں بروقت کارروائی ممکن ہو۔

انہوں نے محکمہ صحت، ریسکیو، پولیس، بلدیاتی اداروں، محکمہ شاہرات، محکمہ برقیات اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ حساس مقامات پر خصوصی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً بچوں کو ندی نالوں اور برساتی پانی کے قریب نہ جانے دیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی خطرے یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مون سون کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے گی، تاہم عوام کا تعاون بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

شہری احتیاطی تدابیر اختیار کرکے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے اردگرد موجود دیگر افراد کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026