پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسدادِ دہشت گردی، دفاع اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف اہم شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر باضابطہ دستخط ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کرغزستان کے موقع پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے راہداری تجارت (Transit Trade) کے بنیادی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے کرغزستان کی بین الاقوامی تجارت اور ٹرانزٹ سہولیات کو مزید وسعت دی جائے گی۔
مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک ورچوئل اثاثوں میں تعاون اور مالیاتی منڈیوں کے انضمام کے ذریعے ایک محفوظ ڈیجیٹل اثاثہ ماحولیاتی نظام قائم کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور کرغزستان نے خطے کے اہم توانائی پروجیکٹ ‘کاسا 1000’ (CASA-1000) پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بجلی، پن بجلی، قابلِ تجدید توانائی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں باہمی تعاون بڑھانے پر مکمل اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور طبی تعلیم کے شعبوں میں بھی کئی معاہدے طے پائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی بشکیک میں صدارتی محل آمد، گارڈ آف آنر پیش
سیکیورٹی، دفاعی تعاون اور علاقائی امن پر اہم فیصلے:
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور کرغزستان نے دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطے مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی نقل مکانی اور سائبر کرائم کے خلاف مشترکہ پیشرفت کے لیے حوالگی اور فوجداری مقدمات میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ پاکستان نے اس موقع پر کرغزستان کے عالمی ماحولیاتی اور پہاڑی ایجنڈے کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
افغانستان اور علاقائی تنازعات پر مشترکہ موقف:
دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیے میں واضح کیا کہ افغانستان میں دائمی امن و استحکام جنوبی اور وسطی ایشیا کے درمیان تجارت اور روابط کی بحالی کے لیے انتہائی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان اور کرغزستان نے تمام عالمی تنازعات کے پرامن حل، یکطرفہ اقدامات سے گریز اور اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین کو کسی بھی صورت کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دیا جائے۔
مزید پڑھیں: پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او سربراہانِ مملکت کونسل کی صدارت سنبھالے گا، بشکیک اجلاس کے اعلامیے پر دستخط




