اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں اور بڑھتے درجہ حرارت کے باعث آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اورخیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے سے ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق آزادکشمیر میں وادی نیلم ، گلگت بلتستان کے اضلاع غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو حساس قرار دیئے گئے ہیں، جہاں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم اور لیپہ میں طویل خشک سالی کے بعد بارش سے موسم خوشگوار، جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش پر نالہ لئی میں طغیانی
این ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں بھی سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے خبردار کر دیا۔
دوسری جانب نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور مری میں 2 سے 5 ستمبر کے دوران شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی اور پشاور میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں اچانک سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جڑواں شہروں میں طوفانی بارش، نالہ لئی بپھر گیا، نشیبی علاقے زیر آب، راولپنڈی میں تعلیمی ادارے بند
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو گلیشیئرز سے آنے والے دریاؤں، ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور خطرناک پہاڑی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ادارے نے عوام پر زور دیا ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش کے بعد دونوں شہروں کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے تھے جس کے باعث شہریوں کا بڑے پیمانے کا نقصان ہوا تھا۔




