اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام بابائے حریت، قائدِ تحریکِ آزادی کشمیر سید علی شاہ گیلانیؒ کی پانچویں برسی کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
مانومینٹم اسلام آباد میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے سیاسی، مذہبی، سماجی، تاجران، شعبہ تعلیم اور طلباء کی بڑی تعداد کی شرکت ۔
تقریب کے پہلے سیشن میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے رہنما ڈاکٹر مشتاق احمد، سویٹ ہومز کے چیئرمین زمرد خان نے شرکت کی ۔
کیپٹل ڈیوویلپمنٹ اتھارٹی مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین، ماذن اسکولز و دارِ ارقم کے چیف ایگزیکٹو ملک محمد اظہر، ایمز اسکول کے ڈائریکٹر عبد الوہاب سمیت طلبہ کی کثیر تعداد تقریب میں شریک ہوئی ۔۔
مقررین نے بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی لازوال جدوجہد، بے مثال قربانیوں اور تحریکِ آزادی کشمیر کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید علی شاہ گیلانی ایک عہد ساز شخصیت، عظیم حریت پسند رہنما اور نظریۂ الحاقِ پاکستان کے مضبوط داعی تھے۔شرکاء نے الحاق پاکستان کے فلک شگاف نعروں بلند کئے۔
انہوں نے اپنی پوری زندگی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے وقف کردی اور بھارتی ریاستی جبر، قید و بند اور بے پناہ مشکلات کے باوجود اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔
مقررین نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی نے ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ کا نعرہ صرف زبان سے نہیں لگایا بلکہ اسے اپنی پوری زندگی کے عمل سے ثابت کیا اور آخری دم تک اس نظریے پر ثابت قدم رہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لیپا ویلی : پاک فوج اور کشمیر آرفن ٹرسٹ کے تعاون سے سلائی مشینیں تقسیم
انہوں نے کہا کہ سید گیلانی کی جدوجہد، قربانیاں اور نظریاتی استقامت کشمیری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ نظریۂ الحاقِ پاکستان اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانا ہماری ملی، قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سید علی شاہ گیلانی کی فکر، نظریے اور جدوجہد کو نئی نسل تک منتقل کیا جائے گا اور ان کے دیے ہوئے پیغام کو زندہ رکھا جائے گا۔
تقریب میں شریک طلبہ نے بھی بابائے حریت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے افکار و نظریات پر چلنے اور کشمیر کی آزادی کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔




