بلوچستان،سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 21 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشتگردوں کا گھیرا تنگ، پاک فوج کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں ۔

ترجمان پاک فوج آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کیخلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران21 دہشتگرد واصل جہنم ہوگئے ۔ جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 اہلکار شہید ہوگئے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چاغی کے علاقے نوکچہ میں دہشتگردوں نے این 40 شاہراہ پر غیر قانونی ناکہ قائم کر رکھا تھا۔ جہاں مسافروں سے بھتہ وصول کر کے آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بابائے حریت علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی ، اہم شخصیات کا خراج تحسین پیش

سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔مارے جانیوالے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

دوسری کارروائی پشین کے علاقے زیارت کراس میں کی گئی، جہاں دہشتگردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملے کی کوشش کی۔

سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر ہے۔ دہشتگرد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا چاہتے تھے۔

فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران، کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 جوان شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں باقی دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

شاہراہوں اور مقامی آبادی کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عزم استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

سکیورٹی فورسز کی آواران میں کارروائی

دو روز قبل سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران میں آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 4 خوارجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ 4 خوارج کا ہلاک ہونا سیکیورٹی فورسز کی موثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔ مصدقہ اطلاعات پر کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال فورسز کی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026