تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں ملک محمد افضل کے انتقال سے دلی دکھ ہوا، سید صلاح الدین احمد

Pakistan SCO Summit 2026

گلانس لیدر انڈسٹری اور پاک میڈیکل سنٹر سیالکوٹ کے بانی، تحریک آزادی کشمیر، مجاہدین و مہاجرینِ کشمیر کے دیرینہ ہمدرد، بہی خواہ اور پشتبان ملک محمد افضل کے انتقال سے کافی دکھ پہنچاہے۔

ان خیالات کا اظہار امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صلاح الدین احمد نے کہا ملک محمد افضل ایک نہایت مخلص، شفیق، درد دل رکھنے والے اور کشمیری عوام خصوصاً مہاجرینِ و مجاہدین کشمیر سے والہانہ محبت رکھنے والے انسان تھے۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم کی پوری زندگی خدمت، محبت اور انسان دوستی کے جذبے سے عبارت تھی۔ وہ ہر ضرورت مند کیلئے اپنے دل کے دروازے کھلے رکھتے اور مجاہدین و مہاجرین کی حتی المقدور مدد کو اپنا فرض سمجھتے تھے۔

سید صلاح الدین احمد کا مزید کہنا تھا کہ ملک محمد افضل اور ان کے خاندان کا تحریک آزادی اور جہاد کشمیر کے ساتھ ایک دیرینہ اور گہرا تعلق رہا ہے۔ مرحوم خود مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہر جموں سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ ان کے والدین بھی جموں شہر سے ہجرت کرکے پاکستان آئے تھے۔

انہوں نے کہ اکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جدوجہدِ آزادی سے ان کی قلبی وابستگی اور کشمیری مہاجرین و مجاہدین کے ساتھ ان کی محبت ان کی شخصیت کا نمایاں وصف تھی ۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم ملک محمد افضل ایک ایسے انسان تھے جو دوسروں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتے اور کشمیری مہاجرین و مجاہدین کی مشکلات کو محسوس کرتے تھے۔ ان کی بے لوث محبتیں اور اعلیٰ دینی و تحریکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اجلاس کے آخر پرمرحوم کی جنت نشینی ،بلندی درجات اور مرحوم کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور تمام سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

دریں اثنا حزب کمانڈ کونسل کا بھی ایک خصوصی اجلاس منعقدہوا جس میں مرحوم کی دینی و تحریکی خدمات کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اجلاس میں ان کی جنت نشینی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

Pakistan SCO Summit 2026