قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کوچز کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور انہیں کھیل کے لیے زہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کی ناقص تکنیک اب بنگلا دیش سے لے کر انگلینڈ تک بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔
محمد یوسف نے ایکس اکاؤنٹ پر انگلینڈکے خلاف بابراعظم کے آؤٹ ہونے کی پرانی اور حالیہ ٹیسٹ میچ کی ویڈیو پوسٹ کی اور لکھا کہ چند سال پہلے میں نے اس بارے میں خبردار کیا تھا، لیکن بدقسمتی سے بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے اردگرد موجود کچھ نام نہادکوچز نے انہیں ان مسائل پر کام کرنےکی اجازت نہیں دی۔
یہ بھی پڑھیں:ـ لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی
محمد یوسف کے بقول ان تکنیکی مسائل کو اُس وقت آسانی سے درست کیا جا سکتا تھا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ مسائل حل کرنے میں ناکامی کے باعث پاکستان کرکٹ آج اس زوال کا شکار ہے جس کا ہم مظاہرہ کر رہے ہیں۔
سابق کپتان نے پاکستان کےکوچز پر سخت تنقیدکرتے ہوئےکہا یہ کوچز کھیل کے لیے زہر ہیں۔ ان میں وژن کی کمی ہے، یہ کھلاڑیوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں اور انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھی غلط رہنمائی دیتے ہیں۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے کرکٹرز نے یہ نہیں سیکھا کہ کس کی بات سننی ہے اور کس کے مشورے پر عمل کرنا ہے تو ان کےکریئر جتنے طویل ہونے چاہئیں، اس سےکہیں پہلے ختم ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:محمد عباس کی لارڈز ٹیسٹ میں 5 وکٹیں ، 7ویں پاکستانی بولر بن گئے
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں کی ناقص تکنیک اب بنگلا دیش سے لے کر انگلینڈ تک بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔ جن خامیوں کو کئی سال پہلے درست کیا جا سکتا تھا، وہ اب ایک واضح اور سنگین کمزوری بن چکی ہیں، جس نے پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر کمزور اور مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔




