کارروائی

مردان اور آواران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

مردان:خیبر پختونخوا کے ضلع مردان اور بلوچستان کے ضلع آواران میں سکیورٹی اداروں کی کارروائیوں کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ مردان میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جبکہ آواران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کاٹلنگ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ کے دوران دہشتگردوں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جبکہ ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

 مزید یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، 5 دہشت گرد جہنم واصل

آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

حکام نے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر حکمت عملی کو سراہا۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع آواران میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس کے دوران 4 خوارج ہلاک ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دیگر عسکری سامان بھی برآمد کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آواران آپریشن میں 4 خوارج کی ہلاکت کو سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کا واضح مظہر ہے۔ خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کو نقصان پہنچانے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور سکیورٹی فورسز پوری قوت کے ساتھ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پنجگور: سکیورٹی فورسز کا گرینڈ آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام تک دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔