پولی کلینک

پولی کلینک میں فائر سیفٹی انتظامات ناکافی، سی ڈی اے نے 5 لاکھ روپے جرمانہ کردیا

اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال میں فائر اینڈ سیفٹی انتظامات ناکافی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ہسپتال پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

فائر سیفٹی خامیاں دور نہ کرنے پر کارروائی

سی ڈی اے کے مطابق پولی کلینک ہسپتال کو فائر سیفٹی سے متعلق خامیاں دور کرنے کی ہدایت پہلے بھی کی گئی تھی، تاہم مقررہ تقاضوں کے باوجود خامیوں کا ازالہ نہیں کیا گیا۔

سی ڈی اے نے ہسپتال انتظامیہ کو 7 روز کے اندر 5 لاکھ روپے جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

فائر ڈیٹیکشن اور الارم سسٹم درست کرنے کا حکم

سی ڈی اے نے پولی کلینک میں موجود فائر ڈیٹیکشن اینڈ الارم سسٹم کو فوری طور پر درست کرنے کا حکم دیا ہے۔ فائر فائٹنگ سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور اسے فعال حالت میں رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ایمرجنسی لائٹنگ بہتر بنانے کی ہدایت

ہسپتال میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی لائٹنگ کے انتظامات بھی بہتر بنانے کا حکم دیا گیا ہے، تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں مریضوں، عملے اور دیگر افراد کو محفوظ انخلا میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

محفوظ ہنگامی راستے یقینی بنانے کا حکم

سی ڈی اے نے پولی کلینک میں ایگزٹ سائنز اور ہنگامی اخراج کے محفوظ راستوں کو بھی فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ فائر سیفٹی کے تمام بنیادی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

اصلاحات کے بعد دوبارہ معائنہ ہوگا

سی ڈی اے فائر سروس نے پولی کلینک انتظامیہ سے اصلاحاتی اقدامات کی تکنیکی اور دستاویزی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سانحہ پمز،حکومت کا نومولود بچوں کے لواحقین کیلئے فی کس 50لاکھ روپے معاوضے کا اعلان

سی ڈی اے کے مطابق فائر سیفٹی سے متعلق تمام خامیاں دور کیے جانے کے بعد پولی کلینک ہسپتال کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا، جس میں حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔