دفاعی اجلاس

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا دفاعی اجلاس کل استنبول میں ہو گا

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلی کمیٹی کا اہم اجلاس کل استنبول میں ہوگا، جس میں تینوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔

تینوں ممالک کی اعلیٰ قیادت ایک میز پر

ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو استنبول میں منعقد ہوگا، جس کے لیے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام ایک جگہ جمع ہوں گے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول پہنچ گئے ہیں۔

وزرائے خارجہ اور دفاع بھی شریک ہوں گے

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف شرکت کریں گے۔

اجلاس کو تینوں ممالک کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کی سمت میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی سلامتی امور ایجنڈے میں سرفہرست

ذرائع کے مطابق استنبول اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی سے متعلق امور سرفہرست ہوں گے۔ تینوں ممالک کے حکام خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

دفاعی صلاحیتیں بڑھانے پر اہم مشاورت

اجلاس میں تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے، مسلح افواج کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔

تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے نئے امکانات پر بھی تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔

دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار پر بھی بات ہوگی

اجلاس میں دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے، مشترکہ پیداوار اور دفاعی سازوسامان کی تیاری سمیت مختلف منصوبوں پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون مزید وسیع ،نیا معاہدہ طے پا گیا

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد یہ پہلا اعلیٰ سطحی اجلاس ہے، جسے تینوں ممالک کے دفاعی تعاون کے مستقبل کیلئے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔