کراچی میں فرانس کا قونصل خانہ باضابطہ طور پر مستقل بند کردیا گیا، جس کے بعد عمارت سے فرانس اور یورپی یونین کے پرچم بھی اتار لیے گئے۔ فرانسیسی حکام کی جانب سے ’الوداع کراچی‘ کا پیغام جاری کیے جانے کے بعد سفارتی اور تجارتی حلقوں میں بھی اس پیشرفت پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
قونصل خانے کی سرگرمیاں مکمل طور پر ختم
کراچی میں قائم فرانسیسی قونصل خانے کی مستقل بندش کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔ قونصل خانے کی عمارت سے فرانسیسی جمہوریہ اور یورپی یونین کے پرچم اتارے جانے کو مشن کی سرگرمیوں کے اختتام کی واضح علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق اب اس عمارت سے قونصلر یا سفارتی سرگرمیاں انجام نہیں دی جائیں گی۔
الوداع کراچی، فرانسیسی حکام کا جذباتی پیغام
قونصل خانے کی جانب سے اپنے آخری پیغام میں کراچی کو ’الوداع کراچی‘ کہا گیا۔ فرانسیسی حکام نے شہر میں اپنے مقامی دوستوں، کاروباری شراکت داروں اور متعلقہ حکام کا طویل عرصے تک تعاون کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
قونصل خانہ دہائیوں تک اہم سفارتی مرکز رہا
کراچی میں فرانس کا قونصل خانہ کئی دہائیوں تک پاکستان اور فرانس کے درمیان ثقافتی، تجارتی اور عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا رہا۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی مرکز ہونے کے باعث متعدد ممالک کے قونصل خانوں اور سفارتی مشنز کی میزبانی کرتا ہے۔
بندش کی اصل وجہ کیا ہے؟
فرانسیسی حکام کی جانب سے فوری طور پر قونصل خانے کی مستقل بندش کی کوئی تفصیلی وجہ سامنے نہیں لائی گئی۔ تاہم حالیہ برسوں میں انتظامی اخراجات، سکیورٹی صورتحال، ویزا نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور سفارتی سرگرمیوں کو دارالحکومت تک محدود کرنے کی پالیسیوں کے باعث بعض ممالک اپنے قونصلر ڈھانچے میں تبدیلیاں کر رہے ہیں۔
ماضی میں بھی کراچی میں بعض دیگر یورپی ممالک کے قونصل خانوں کے حوالے سے انتظامی سطح پر تبدیلیاں دیکھنے میں آچکی ہیں۔
ویزا اور قونصلر خدمات کہاں سے ملیں گی؟
فرانس کے کراچی قونصل خانے کی مستقل بندش کے بعد ملک میں فرانسیسی قونصلر اور سفارتی امور اب دارالحکومت میں قائم مرکزی سفارت خانے سے چلائے جائیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نئے تعلیمی سال کا آغاز ،فرانس میں طلبہ کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی
اس فیصلے کے نتیجے میں سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شہریوں، طلبہ اور تاجروں کو فرانسیسی ویزا یا دیگر قونصلر و قانونی دستاویزات کیلئے اضافی سفر اور ممکنہ طور پر زیادہ وقت درکار ہوگا۔




