پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز)ہسپتال کے 21گریڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا جبکہ این آئی ایچ کے ڈاکٹر محمد سلمان کو پمز کا نیا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے پمز کے ای ڈی ڈاکٹر راناعمران سکندر کو 4 ماہ کیلئے معطل کیا گیا ہے، این آئی ایچ کے ڈاکٹر محمد سلمان کو 3 سالوں کیلئے پمز کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیاگیا ہے، ڈاکٹر سلمان این آئی ایچ کےبھی ایگزیکٹو ڈائریکٹر رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پمز سانحہ: ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت8 افسر معطل، بچہ بچانے والی نرس کو ایوارڈ کا اعلان
نوٹیفکیشن کےمطابق ڈاکٹر الطاف حسین کو 3 ماہ کیلئے پمز اسپتال کا جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیاہے، پمز اسپتال کے دیگر شعبوں سے متعلق بھی انتظامی نوٹیفکیشن جاری کردئیے گئے۔
یاد رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پمز سانحے پر اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت 8 افراد کو فوری معطل کر کےکارروائی کرنےکی منظوری دی تھی۔
ان 8 افراد میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر ، سکیورٹی پر مامور کمپنی اور عہدیداران کے خلاف کارروائی کی بھی منظوری دی گئی تھی، معطل ہونے والوں میں جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر اویس علی شاہ شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں:سانحہ پمز کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش، کمیٹی کے تہلکہ خیز انکشافات
ان کے علاوہ ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکیورٹی محمد عثمان، سی ڈی اے کے ایمرجنسی سروس کے ڈی جی عبدالرحمان، نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر سعدیہ ریاض اور سینئر رجسٹرار بھی معطل ہونے والوں میں شامل تھے۔




