کالعدم ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال ناکام، ریاست بھر میں معمول کی زندگی بحال

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) جموں و کشمیر ایکشن کمیٹی کی جانب سے 29 اگست کو آزاد جموں و کشمیر بھر میں دی گئی احتجاجی کال خاطر خواہ پذیرائی حاصل نہ کر سکی، اور بیشتر علاقوں میں احتجاجی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہیں۔

ذرائع کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں احتجاج کی کوئی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ میرپور ڈویژن میں بھی کوئی بڑا یا قابلِ ذکر احتجاج منعقد نہیں ہوا، تاہم مقبول بٹ چوک پر تقریباً 70 سے 80 افراد کا ایک مختصر اجتماع ہوا، جو بعد ازاں پُرامن طور پر منتشر ہوگیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بیرسٹر افتخار گیلانی پارٹی صدر شاہ غلام قادر کی رہائشگاہ پر پہنچ گئے ،منانے کی کوشش

راولاکوٹ ڈویژن میں ضلع باغ کے علاقے رہڑہ میں تقریباً 250 سے 300 افراد پر مشتمل ایک درمیانے درجے کی ریلی نکالی گئی، جو پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی کا انٹرنیٹ سروس بحالی ،تعلیمی ادارے ، آمدورفت کھولنے کا اعلان

دوسری جانب راولاکوٹ شہر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا بدستور چنار چوک اور ڈی چوک میں جاری ہے جہاں تقریباً ایک ہزار افراد موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مجموعی طور پر 29 اگست کو کالعدم ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال پر آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں معمول کی سرگرمیاں جاری رہیں اور احتجاجی سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

آزاد کشمیر کے عوام نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی احتجاجی کال کو واضح طور پر مسترد کر دیا، میرپور سمیت مختلف اضلاع میں صورتحال پرامن ہے اور تمام کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں