پمز میں ہائی لیول انسپیکشن ٹیم کی آمد کا امکان، تمام افسران اور شعبہ سربراہان کی چھٹیاں منسوخ

اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آج ہائی لیول انسپیکشن ٹیم کے ممکنہ دورے کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے اہم اور ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹرپمز کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے تحت تمام کلینیکل اور نان کلینیکل شعبوں کے سربراہان کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ تمام متعلقہ افسران کو آج اپنی حاضری سو فیصد یقینی بنانے کی سخت ہدایت جاری کی گئی ہے۔

مختلف شعبوں کی تفصیلی بریفنگ اور ریکارڈ کی دستیابی کے احکامات:

ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی انسپیکشن ٹیم آج پمز کے مختلف کلینیکل اور نان کلینیکل شعبوں کا دورہ اور معائنہ کر سکتی ہے۔ اس حوالے سے انتظامیہ نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو اپنے اپنے دفاتر اور متعلقہ وارڈز میں موجود رہنے کا پابند کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ پمز،حکومت کا نومولود بچوں کے لواحقین کیلئے فی کس 50لاکھ روپے معاوضے کا اعلان

انتظامی احکامات میں کہا گیا ہے کہ تمام ایچ او ڈیز اپنے ماتحت عملے کی بروقت حاضری کو یقینی بنائیں اور معائنے کے دوران تمام ضروری ریکارڈ، فائلیں اور متعلقہ معلومات مکمل اور تیار حالت میں رکھیں تاکہ انسپیکشن ٹیم کے طلب کرنے پر فوری بریفنگ اور اعداد و شمار فراہم کیے جا سکیں۔

آتشزدگی کے المناک واقعے کے بعد انتظامی اور حفاظتی جائزہ:

پمز ہسپتال میں ہائی لیول ٹیم کا یہ اہم معائنہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حال ہی میں م مدر اینڈ چائلڈ وارڈ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے المناک واقعے کے بعد ہسپتال کے حفاظتی اور انتظامی انتظامات پر شدید سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ حادثے کی بنیادی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ تاحال جاری ہے۔

مزید پڑھیں:پمز سانحہ،بچوں کی میتیں ورثاء کے حوالے، وزیر صحت وسائل نہ ہونے کا رونا رونے لگے

توقع کی جا رہی ہے کہ اعلیٰ سطحی ٹیم اپنے دورے کے دوران ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، ایمرجنسی ایس او پیز، اور انتظامی امور کا باریک بینی سے جائزہ لے گی۔