مظفرآباد اور مضافات میں موسمی بیماریاں پھیلنے لگیں، مہاجر کیمپ کے 50 سے زائد بچے ہسپتالوں میں منتقل

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں موسمی بیماریوں نے پنجے گاڑنا شروع کر دیے ہیں، جس کے باعث بالخصوص مانکپیاں مہاجر کیمپ شدید متاثر ہوا ہے۔ کیمپ کے مکینوں سمیت بڑی تعداد میں شہری بخار، نزلہ، زکام اور دیگر وبائی علامات میں مبتلا ہو رہے ہیں، جس سے علاقے میں شدید تشویش اور خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

50 سے زائد بچے زیرِ علاج، ہسپتالوں میں طبی ہنگامی صورتحال:

مقامی شہریوں کے مطابق مانکپیاں مہاجر کیمپ کے 50 سے زائد بچے اس وقت مختلف بیماریوں کے باعث مظفرآباد کے مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ اچانک اتنی بڑی تعداد میں بچوں کے بیمار ہونے پر شہریوں نے حکومتِ آزاد کشمیر اور محکمہ صحت سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پمز میں ہائی لیول انسپیکشن ٹیم کی آمد کا امکان، تمام افسران اور شعبہ سربراہان کی چھٹیاں منسوخ

ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم بھیجنے اور مفت ادویات کی فراہمی کا مطالبہ:

متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ صحت فوری طور پر ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک خصوصی میڈیکل ٹیم تشکیل دے کر مانکپیاں کیمپ اور متاثرہ مضافاتی علاقوں میں روانہ کرے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیماری کی اصل وجہ اور نوعیت کا جلد از جلد تعین کیا جائے تاکہ اس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بروقت تشخیص اور مناسب طبی اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ اس لیے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر طبی سہولیات، ادویات اور ضروری ٹیسٹوں کی فراہمی کو بلا تاخیر یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: سانحہ پمز،حکومت کا نومولود بچوں کے لواحقین کیلئے فی کس 50لاکھ روپے معاوضے کا اعلان