تعلیمی بورڈ

آزاد کشمیر تعلیمی بورڈ میرپور نے انٹرمیڈیٹ سال اول کے طلباء کی رجسٹریشن کا شیڈول جاری کر دیا

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میرپورنے تعلیمی سال 28۔2026 کیلئے انٹرمیڈیٹ سال اول میں طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریاست بھر کے متعلقہ کالجز اور تعلیمی ادارے مقررہ شیڈول کے مطابق طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں گے۔ رجسٹریشن کا عمل تین مراحل میں مکمل کیا جائیگا جبکہ ہر مرحلے کیلئے الگ فیس مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں آن لائن رجسٹریشن 25 اگست سے 25 ستمبر 2026 تک کی جا سکے گی، جس کی فیس 2,935 روپے فی اُمیدوار مقرر ہے۔ اس مرحلے سے متعلق چالان جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

دوسرے مرحلے میں آن لائن رجسٹریشن 26 ستمبر سے 26 اکتوبر 2026 تک ہوگی جبکہ اس مرحلے کیلئے 4,670 روپے فی اُمیدوار فیس مقرر کی گئی ہے۔ اس مرحلے کے چالان جمع کرانے کی آخری تاریخ 4 نومبر 2026 ہوگی۔

اسی طرح تیسرے مرحلے میں آن لائن رجسٹریشن 27 اکتوبر سے 16 نومبر 2026 تک کی جا سکے گی جبکہ اس مرحلے میں فی اُمیدوار 6,405 روپے فیس وصول کی جائے گی۔ تیسرے مرحلے کے چالان جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

بورڈ نے واضح کیا ہے کہ آن لائن رجسٹریشن کیلئے اُمیدواروں کو بورڈ کی ویب سائٹ www.ajkbise.edu.pk پر موجود ویب اکاؤنٹ کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔ دورانِ رجسٹریشن کسی بھی قسم کی مشکلات یا معلومات کیلئے بورڈ کے متعلقہ شعبے سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کی رجسٹریشن مقررہ تاریخوں کے اندر مکمل کریں اور رجسٹریشن کے عمل کے دوران تمام کوائف درست طور پر درج کرنے کو یقینی بنائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں میں ہفتے کی تعطیل ختم، نوٹیفکیشن جاری

بورڈ نے مزید ہدایت کی ہے کہ Proof Reading کے دوران اگر کسی طالب علم کے کوائف میں غلطی یا اندراج رہ جانے کی نشاندہی ہو تو مقررہ طریقہ کار کے مطابق اس کی درستی کروائی جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پروف ریڈنگ کے بعد کوائف میں تبدیلی یا غلطی کی صورت میں مقررہ فیس بھی عائد ہوگی۔

طلبہ اور متعلقہ تعلیمی اداروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن کیلئے مقررہ تاریخوں اور فیس شیڈول کا خاص خیال رکھیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے حوالے سے طلبہ و طالبات اور تعلیمی اداروں  کیلئے داخلہ، رجسٹریشن اور فیس سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

بورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دوسرے بورڈ سے آنے والے طلبہ و طالبات کو داخلہ لینےکیلئے متعلقہ بورڈ کا NOC/College Leaving Certificate پیش کرنا ہوگا جبکہ دیگر بورڈز سے آنے والے اُمیدواروں کیلئے مقررہ طریقہ کار کے تحت رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ رجسٹریشن کیلئے مقررہ دستاویزات کے ساتھ درخواست جمع کرانا ہوگی اور 15 دن کے اندر رجسٹریشن فیس 2935 روپے فی امیدوار جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ رجسٹریشن فارم اور متعلقہ درخواست www.ajkbise.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

بورڈ نے اے لیول (A-Level) اور دیگر مساوی امتحانات پاس کرنے والے اُمیدواروں کیلئے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ جی سی ای او (G.C.E.O) کے سالانہ امتحان 2025 میں کامیاب طلبہ کو داخلے کیلئے   Equivalence Certificate اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کالج کی مالی مشکلات کے پیش نظر طلبہ کے لیے فیسوں کا شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے۔ آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے داخلہ لینے والے طلبہ سے مقررہ فیس وصول کی جائے گی جبکہ تاخیر کی صورت میں اضافی فیس لاگو ہوگی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر تعلیمی بورڈ میرپور کے میٹرک نتائج 2026 کا اعلان، طالبات کی نمایاں برتری

بورڈ نے واضح کیا ہے کہ تمام اُمیدوار مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن اور داخلے کا عمل مکمل کریں بصورت دیگر ذمہ داری اُمیدوار یا متعلقہ ادارے پر عائد ہوگی۔ نوٹیفکیشن 27 اگست 2026 کو جاری کیا گیا۔