لارڈز ٹیسٹ کا پہلادن بارش سے متاثر، انگلینڈ کی 9وکٹیں گر گئیں

لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن خراب موسم کے باعث صرف 56 اوورز کا کھیل ہوسکا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 9 وکٹ پر 248 رنز بنالیے ہیں۔

لارڈز میں خراب موسم کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا۔پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ، کپتان بابر اعظم کی واپسی، محمد رضوان ،سلمان آغا برقرار، سعود شکیل ڈراپ

محمد عباس نے صرف 36 کے مجموعی اسکور پر بین ڈکیٹ، ایمیلو گے اور جوروٹ کو پویلین بھیج دیا۔

ہیری بروک 15 رنز بناکر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ پھر جارڈن کاکس اور ڈین لارنس نے اسکور 120 تک پہنچادیا۔

ڈین لارنس 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، جارڈن کاکس اور جیمی اسمتھ نے 67 رنز کی شراکت بنائی۔کاکس کا سلپ میں سلمان علی آغا نے شاندار کیچ پکڑا وہ 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جیمی اسمتھ نے61 رنز کی اننگز کھیلی۔

جب خراب روشنی کے باعث کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو انگلینڈ نے 9 وکٹ پر 248 رنز بنالیے تھے۔گس ایٹکنسن 34 اور جوش ٹنگ ایک رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلادیش نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کی اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ان کے علاوہ محمد علی نے تین اور خرم شہزاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

وقفے وقفے سے ہونے والی بارش اور پھر خراب روشنی کے باعث کھیل بری طرح متاثر ہوا اور پہلے دن صرف 56 اوورز کا کھیل ہوسکا۔