وفاقی حکومت کا یونیورسٹی اساتذہ کیلئے اے آئی ٹریننگ کا فیصلہ

اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی جامعات کے اساتذہ کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں فیکلٹی ممبران کے لیے ’’اے آئی خواندگی‘‘ کے موضوع پر چار روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن کا مقصد اساتذہ کو تدریس، تحقیق اور تعلیمی انتظامیہ میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر اور عملی استعمال سے آگاہ کرنا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سوزوکی نے اپنی پہلی الیکٹرک کی کار ’ای اسکائی‘ عالمی سطح پر متعارف کرا دی

ایچ ای سی کے مطابق تربیتی پروگرام نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (این ایچ ا ) کے زیر اہتمام منعقد ہوں گے۔

پروگرام کے دوران یونیورسٹی اساتذہ کو مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات، جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال اور تعلیمی شعبے میں اے آئی سے پیدا ہونے والے مواقع اور چیلنجز سے متعلق عملی معلومات اور مہارتیں فراہم کی جائیں گی۔

تربیتی سیشنز 27، 28 اور 31 اگست جبکہ یکم ستمبر کو منعقد ہوں گے۔

یہ پروگرام روزانہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہیں گے اور ملک بھر کی 100 یونیورسٹیوں میں قائم سمارٹ کلاس رومز میں بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔

ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت تیزی سے اعلیٰ تعلیم کے مختلف شعبوں کا حصہ بن رہی ہے، جس کے باعث یونیورسٹی اساتذہ کے لیے اے آئی سے متعلق بنیادی خواندگی اور عملی مہارتوں کا حصول ناگزیر ہو گیا ہے۔

تربیتی پروگرام کے ذریعے فیکلٹی ممبران کو جدید تدریسی طریقہ کار میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، تعلیمی امور کو مؤثر بنانے اور ادارہ جاتی سطح پر اے آئی ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر بھر میں 12 ربیع الاول: عید میلادالنبی ﷺ کی پرجوش تقریبات، جلوس اور 21 توپوں کی سلامی

تربیتی پروگرام میں اساتذہ کی عملی استعداد بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ وہ مصنوعی ذہانت کو محض ایک جدید ٹیکنالوجی کے طور پر سمجھنے کے بجائے اسے تدریس، سیکھنے، تحقیق اور تعلیمی انتظام کے مختلف پہلوؤں میں مؤثر انداز سے بروئے کار لا سکیں۔

ایچ ای سی کے اس اقدام کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ملک بھر کی 100 جامعات میں بیک وقت تربیتی پروگرام کا انعقاد اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اے آئی سے متعلق مہارتوں کے فروغ کو قومی سطح پر اہمیت دی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق پروگرام کا بنیادی مقصد یونیورسٹی فیکلٹی کو مستقبل کی ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیمی ضروریات کیلئے تیار کرنا ہے

اور انہیں ایسے عملی ہنر فراہم کرنا ہے جن کی مدد سے وہ تدریس اور تعلیمی انتظامیہ میں مصنوعی ذہانت کے فوائد سے مؤثر طور پر استفادہ کر سکیں۔