آزاد کشمیر بھر میں 12 ربیع الاول: عید میلادالنبی ﷺ کی پرجوش تقریبات، جلوس اور 21 توپوں کی سلامی

دنیا بھر کی طرح آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، برنالہ، نیلم، کوٹلی، جہلم ویلی اور میرپور میں آج 12 ربیع الاول، جشنِ عید میلادالنبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ مذہبی عقیدت و احترام، ریلیوں اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

جشنِ ولادت باسعادت کے موقع پر صبح بہاراں کا آغاز پاک فوج کی جانب سے عید میلادالنبی ﷺکے پرمسرت موقع پر 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین مرکزی عیدگاہ مظفرآباد میں نماز فجر کے بعد پرچم کشائی اور سلامی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں سول ڈیفنس اور سیرت کمیٹی سیکیورٹی سکواڈ نے سلامی پیش کی، جبکہ ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

برنالہ، کوٹلی اور جہلم ویلی میں مرکزی جلوس:

سب ڈویژن برنالہ میں عاشقانِ رسول کی جانب سے جلوس میلادالنبی ﷺکا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں بھی 1500واں جشنِ عید میلاد النبی ﷺانتہائی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺمرکزی جلوس میں شریک ہوئے۔ ضلع جہلم ویلی میں بھی مختلف مقامات سے ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جہاں انتظامیہ نے امن و امان قائم رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے۔

مظفرآباد میں بھی 12 ربیع الاول کی مناسبت سے جگہ جگہ محافلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا ہے اور شہریوں میں بے پناہ مذہبی عقیدت و احترام پایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور میں جشن عید میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت، جوش و جذبے اور شاندار سجاوٹ کے ساتھ جاری

ضلع نیلم (دودھنیال) میں عظیم الشان ریلی:

مرکزی سیرت کمیٹی ضلع نیلم اور دعوتِ اسلامی کے اشتراک سے یونین کونسل دودھنیال میں عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سیرت کمیٹی کے صدر سید مبشر گیلانی نے کی۔ ریلی بٹنگی سے شروع ہو کر تہجیاں پل تک نکالی گئی جس میں قاری شفیع ڈار، علامہ ملک ممتاز، قاری عاشق عطاری، مولانا رب نواز، وقار چشتی، بشیر خان، بیلہ محمد خان، مدرس نسیم شاہ، علامہ صبور اقبال، اختر حسین میر، افضل ڈار، شفقت خان اور ملک افسر سمیت تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور علمائے کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں سبز جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور راستے بھر فضائیں درود و سلام سے گونجتی رہیں۔ مقررین نے خطابات میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔ تھانہ لوات کے ایس ایچ او ممتاز حسین کی قیادت میں پولیس نفری نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے۔

میرپور میں شاندار سجاوٹ اور چراغاں:

آزاد کشمیر کے صنعتی شہر میرپور میں بھی مساجد، بازاروں اور اہم شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے خوبصورت انداز میں آراستہ کیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر محافلِ میلاد اور نعتیہ پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے تمام مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: رحمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ کا جشن ولادت ، ملک بھر میں چراغاں ،گلیاں ، بازار رنگ و نور سے منور

آزاد کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں بھی 12 ربیع الأول کے بابرکت موقع پر جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی خوشیاں انتہائی مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہیں۔اس پرمسرت موقع پر مرکزی سیرت کمیٹی کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوامِ علاقہ نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کر کے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔