مظفرآباد: وفاقی محتسب کے ریجنل کمشنر نے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی ناقص سروس سے متعلق کیس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل سربراہ کو 9 اپریل کو طلب کر لیا۔
مظفرآباد میں وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر میں درج کی گئی شکایت میں الزام لگایا گیا ہےکہ آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی ناقص سروسز نے روزمرہ کی زندگی میں تکلیف اور خلل پیدا کر دیا ہے۔
مظفرآباد کے رہائشی آذار احمد ڈار نے زونگ، ٹیلی نار اور پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ اور کال سروسز کے خراب معیار کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے اس مسئلے کو حل کرنے میں بدانتظامی اور کوتاہی کی شکایت کی ہے۔
وفاق محتسب کے ریجنل کمشنر نے شکایت کا نوٹس لیا اور پی ٹی اے کے عہدیدار سے 7دنوں کے اندر شکایات کا ازالہ کرنے اور جواب دینے کا بھی کہاہے ،خط میں لکھا گیا کہ جواب جمع کرانے میں مزید توسیع صرف سات دنوں کے لیے غور کیا جائیگا۔
خط کے مطابق شکایت 9 اپریل 2025 کو صبح 11:00 بجے سماعت مقرر کی گئی ہے جہاں ٹیلی کام اتھارٹی کو اپنا کیس پیش کرنے اور ناقص خدمات کا جواز فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی۔
وفاق محتسب کے ریجنل کمشنر نے متنبہ کیا ہے کہ تعمیل نہ کرنے پر متعلقہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی ہو سکتی ہے۔وفاقی محتسب کے مطابق تمام شکایات کا فیصلہ کرنا 60 دنوں کے اندر ضروری ہے۔پی ٹی اے کو کہا گیا ہے کہ کیس کے حقائق سے پوری طرح باخبر افسر کو تعینات کیا جائے۔
وفاقی محتسب کی طرف سے کہا گیا ہےکہ پی ٹی اے زونل ہیڈ مظفرآباد نے مقررہ تاریخ میں جواب جمع نہ کرایا اور نمائندہ سماعت کے لیے حاضر نہ ہواتو درخواست پر فیصلہ دستیاب دستاویزات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں بی آئی ایس پی کیخلاف سب سے زیادہ شکایات ہیں، ریجنل ڈائریکٹروفاقی محتسب