مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اہم اجلاس شروع ہونے جا رہا ہے، جس میں پارلیمانی اور آئینی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
اجلاس سے قبل سیاسی صف بندیوں اور پارلیمانی عہدوں کے لیے مشاورت کے عمل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
چوہدری یاسین قائدِ حزبِ اختلاف نامزد
پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی نے ان کے نام کی منظوری دیتے ہوئے دستاویزات پر باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد ان کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی کو باضابطہ طور پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چوہدری طارق فاروق سپیکر اور احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہو گئے
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے نتائج
اس سے قبل ایوان میں نئی قیادت کے انتخاب کا عمل مکمل ہو گیا جس میں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدواروں نے فتح حاصل کی:
چوہدری طارق فاروق: 32 ووٹ حاصل کر کے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 16 ویں اسپیکر منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے چوہدری قاسم مجید نے 13 ووٹ حاصل کیے۔
احمد رضا قادری: 32 ووٹ لے کر ایوان کے 15 ویں ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے، جبکہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار لون تھے۔
ایوان میں ڈالا گیا ایک ووٹ مسترد قرار دیا گیا، جس کے بعد نو منتخب اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر اپنے آئینی امور کی انجام دہی کا آغاز کریں گے۔




