مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) حکومت سازی کیلئے سرگرم عمل ہو گئی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بنانے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 32 ووٹ حاصل کر کے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 16ویں سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عدالتی فیصلے پر عمل ہوااور 16 ستمبر کو عدالت جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے: رانا ثنااللہ
جبکہ ان کے مقابل پیپلز پارٹی کے چوہدری قاسم مجید کو 14 ووٹ ملے۔ سپیکر و قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے نو منتخب سپیکر چوہدری طارق فاروق سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
جس کے بعد وہ قائم مقام صدر آزاد کشمیر کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد نو منتخب سپیکر چوہدری طارق فاروق کی سربراہی میں اسمبلی کا اجلاس جاری رہا۔
نئے سپیکر کی زیرصدارت اجلاس میں ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ۔ مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری 32 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے عامر غفار لون نے 14 ووٹ حاصل کئے۔
پارلیمانی اجلاس کے اختتام پر سابق سپیکر وقائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر گھرروانہ ہوگئے ۔ لطیف اکبر کی رخصتی کے بعد چوہدری طارق فاروق سپیکر اور قائم مقام صدر کے فرائض سرانجام دیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چوہدری طارق فاروق سپیکر اور احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہو گئے
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے 6 اور پیپلز پارٹی نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔
قبل ازیں، اسمبلی کے 46 اراکین نے حلف اٹھایا تھا جس میں (ن) لیگ نے 31 اور پیپلز پارٹی نے 14 نشستوں پر فتح سمیٹی تھی۔
عوامی دست و بازو کی 1 نشست کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کے بعد (ن) لیگ کی مجموعی طاقت 32 نشستوں تک پہنچ گئی ہے۔
پونچھ اور سدھنوتی میں تاحال انتخاب نہ ہونے کے باعث فی الوقت 7 اراکین کے بغیر ہی حکومت سازی کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔




