مظفرآباد: مئیر مونسپل کارپوریشن مظفرآباد سید سکندر گیلانی نے کشمیر ڈیجیٹل کے پروگرام میں کہاکہ عوامی ایکشن کمیٹی کی کامیابی کا راز یہی ہے کہ وہاں کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں اورجس دن وہاں سیاست آئی، کارکن اپنی اپنی جماعتوں میں واپس چلے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوامی حقوق کی جنگ میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کھڑے تھے کیونکہ وہ عام آدمی کی بات کرتے ہیں۔ جب ان کی تحریک شروع ہوئی میں کھل کر ان کے ساتھ تھا۔ لیکن جہاں تک سیاست میں آنے کا سوال ہے میرا نہیں خیال کہ وہ اس طرف جا رہے ہیں تاہم اگر ایسا ہوا تو ہم جس طرح ان کے ساتھ کھڑے تھےاسی طرح اپنی اپنی جماعتوں کے ساتھ ٹھوک بجا کر کھڑے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جہلم ویلی کی زیر صدارت لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اور لیڈی ہیلتھ وزٹرز کی جائنٹ میٹنگ
سید سکندر گیلانی نے واضح کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں مگر اس وقت یہ پلیٹ فارم غیر سیاسی ہے اور اسی وجہ سے مقبول ہے۔اگر سیاست کرنی ہے تو ہماری اپنی جماعتوں کے پلیٹ فارمز موجود ہیں اور ہر کارکن اپنے نظریے کے مطابق اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوگا۔