تنظیم نو

ڈسکوز میں بڑا فیصلہ ، حکومت نے تنظیم نو کی منظوری دے دی

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی تنظیم نو کے پہلے مرحلے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔

ڈسکوز کے اثاثے پاور ہولڈنگ کمپنی منتقل ہوں گے

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے اثاثے حکومتی ملکیتی کمپنی پاور ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس منتقلی کا عمل اسکیم آف ارینجمنٹ کے تحت مکمل کیا جائے گا۔

اسکیم آف ارینجمنٹ ایس ای سی پی میں جمع ہوگی

اجلاس کے شرکاء کو تنظیم نو کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ڈسکوز کے اثاثوں کی منتقلی سے متعلق اسکیم آف ارینجمنٹ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائی جائے گی۔

اسحاق ڈار کی تیز عمل درآمد کی ہدایت

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو تنظیم نو کے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھایا جائے تاکہ اصلاحاتی عمل میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔

ڈسکوز کی سروسز بہتر بنانے کا ہدف

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ڈسکوز کی نجکاری اور تنظیم نو سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس عمل کا مقصد صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنا بھی ہے۔

بجلی کے شعبے کے نقصانات کم ہوں گے

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ڈسکوز میں اصلاحات سے بجلی کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ اصلاحاتی عمل آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں اہم حکام کی شرکت

اجلاس میں وفاقی وزیر اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسکوز کی تنظیم نو اور نجکاری کے آئندہ مراحل سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:26 سالہ کلیمنٹ کو شہزادہ لورینٹ نے اپنا بیٹا تسلیم کرلیا