بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قیدِ تنہائی، مبینہ تشدد اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دعووں کے برعکس بین الاقوامی میڈیا کی مختلف رپورٹس نے متعدد سوالات اٹھا دیے ہیں۔ عالمی صحافتی اداروں کی جانب سے سامنے آنے والی معلومات اور دستیاب طبی حقائق نے پی ٹی آئی کے بنیادی بیانیے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے مسلسل یہ تاثر دیا جاتا رہا کہ عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور انہیں علاج معالجے سے محروم رکھا جا رہا ہے، تاہم عالمی میڈیا کی رپورٹس میں ان دعوؤں کی مکمل تائید سامنے نہیں آئی بلکہ دستیاب سہولیات اور طبی معائنوں کا پس منظر اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے کے الزامات مسترد،ملاقاتوں کو سیاسی پیغام رسائی کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا،وزارت اطلاعات
طبی معائنے اور پمز اسپتال منتقلی کا جائزہ:
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی رپورٹس میں عمران خان کی صحت اور جیل کے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے:
طبی دیکھ بھال کا سلسلہ: رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق باقاعدہ معائنے کیے جاتے رہے ہیں اور ضرورت کے تحت طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
پمز منتقلی اور معائنہ: حالیہ صورتحال میں عمران خان کو طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں صحت کے لحاظ سے فِٹ قرار دیا۔
حکومتی موقف اور بیانیے کا تضاد:
ایک طرف جہاں پی ٹی آئی کی جانب سے قید کے حالات اور صحت سے متعلق پہلے والے دعوے دہرائے جا رہے ہیں، وہیں عالمی میڈیا کے رپورٹس نے ان کی صداقت اور شواہد پر سوالات اٹھائے ہیں۔
حکومتی حکام کا موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام طے شدہ اور باقاعدہ طبی سہولیات دی جا رہی ہیں اور ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے، جس کا واضح ثبوت وقت فوقتِ متخصص ڈاکٹروں سے معائنہ اور اسپتال منتقلی ہے۔




