خواجہ آصف

عمران خان کی صحت کو کوئی مسئلہ نہیں، وزیردفاع خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میں حلفاً کہتا ہوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کو کوئی مسئلہ نہیں، آنکھ کا مسئلہ تھا اب وہ صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حلفاً کہتے ہیں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت کو کوئی مسئلہ نہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کی آنکھ کا مسئلہ تھا جو اب ٹھیک ہو چکا ہے اور وہ مکمل صحت مند شخص کی طرح کھانا کھا رہے ہیں۔

نواز شریف کی بیماری کا بھی مذاق اُڑایا گیا، وزیر دفاع

خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست دانوں نے قید میں ایک عمر گزاری ہے اور اس دوران مختلف آزمائشیں آتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جنیوا میں دو سرجریاں ہوئی تھیں لیکن اس وقت اپوزیشن کا ضمیر نہیں جاگا جب نواز شریف کے پلیٹلیٹس کے معاملے کو سیاسی مسئلہ بنایا گیا اور ان کا مذاق اُڑایا گیا۔

سیاسی قیادت نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہماری پوری قیادت قید میں تھی اور ہم اسی دوران قومی اسمبلی میں آتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے حالات کو سمجھنے اور برداشت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

سیاست کو گٹر میں ڈال دیا گیا، خواجہ آصف

خواجہ آصف نے موجودہ سیاسی رویوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے رویوں سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو گٹر میں ڈال دیا گیا ہے، اس لیے جب اس قسم کے حالات پیدا ہوں تو سیاسی رہنماؤں کو تھوڑا بہت برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میں نے کبھی نہیں کہا کہ راولاکوٹ کے لوگ کشمیری نہیں ہیں: خواجہ آصف