آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی

آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں آج بھی تیز ہوائیں چلنے اور بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ ملک کے مختلف حصوں میں برقرار ہے جس کے باعث متعدد علاقوں میں موسم خوشگوار اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

گزشتہ روز ڈی جی محکمہ موسمیات عرفان ورک نے بتایا تھا کہ مون سون کا موجودہ اسپیل کچھ دن تک برقرار رہے گا اور اس کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد کچھ دنوں کا وقفہ آئے گا، جس کے بعد دوبارہ بارشیں شروع ہوں گی۔ ان کے مطابق مون سون بارشوں کے مختلف اسپیلز اکتوبر تک جاری رہتے ہیں۔

موسمیات کی جانب سے بارشوں والے علاقوں کی تفصیلا ت:

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، راولاکوٹ اور گڑھی دوپٹہ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں گلگت، سکردو، استور، بابوسر، چلاس، گوپس اور بونجی میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں بارش سے جل تھل،الرٹ جاری

خیبرپختونخوا کے اضلاع میں پشاور، چترال، دیر، مالم جبہ، سیدو شریف اور ایبٹ آباد شامل ہیں جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ دوسری جانب پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

راولپنڈی میں رین ایمرجنسی اور واسا کا نکاسی آب آپریشن:

دوسری جانب راولپنڈی شہر اور گردونواح میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث واسا (WASA) نے شہر بھر میں ہائی الرٹ اور رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ واسا حکام کے مطابق شہر کے علاقے شمس آباد میں سب سے زیادہ 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

بارش کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 10.5 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر بہاؤ 8.5 فٹ تک پہنچ چکا ہے۔ واسا نے تمام نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچا دی ہے اور عملہ نکاسی آب کا آپریشن مکمل پاسداری کے ساتھ انجام دے رہا ہے تاکہ شہریوں کو ممکنہ زحمت سے بچایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: مون سون بارشیں؛ مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ، سیلاب کی وارننگ