آزاد کشمیر اسمبلی: ٹیکنوکریٹ و پروفیشنل نشست کی اہلیت کا آئینی اور قانونی معیار

مظفرآباد (نیوز ڈیسک): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ٹیکنوکریٹ اور پروفیشنل کی مخصوص نشست کے لیے امیدواروں کی اہلیت کا تعین بنیادی طور پر آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین 1974 کےقانون کے تحت کیا جاتا ہے۔

اہل شعبہ جات کی فہرست:

آزاد کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کے تحت ٹیکنوکریٹ اور پروفیشنل کی تعریف میں مختلف اہم شعبوں کے ماہرین کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں زرعی ماہرین، ماہرینِ معاشیات ، ماہرینِ تعلیم، وکلا ، ڈاکٹرز ، انجینئرز اور سائنس دان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں پر پولنگ، امیدواروں کے نام بھی سامنے آگئے

10 سالہ تجربے کی لازمی شرط:

قانون کے مطابق مذکورہ تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کے پاس اپنے متعلقہ شعبے میں کم از کم 10 سال کا عملًا تجربہ ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی شخص کسی دیگر مخصوص شعبۂ علم میں اعلیٰ یا خصوصی تعلیم رکھتا ہو، تو وہ بھی 10 سالہ تجربے کی شرط پوری کرنے کے بعد اس نشست کے لیے اہل تصوّر ہو سکتا ہے۔

شفاف جانچ پڑتال کا عزم

الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کے لیے ان آئینی و قانونی ضوابط پر سخت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ ایوان میں متعلقہ شعبوں کے تجربہ کار اور ماہر افراد کی نمائندگی کو ممکن بنایا جا سکے۔