حکمران جماعت مسلم لیگ ن کا مری میں جاری اہم اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، تاہم آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے آج بھی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کیلئے شاہ غلام قادر کو مضبوط اُمیدوار قرار دیا جارہا ہےجبکہ طارق فاروق اور کرنل (ر) وقار نور بھی وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پہلے مرحلے کے طور پر خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے اُمیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان نشستوں کیلئے سحرش قمر، مریم کشمیری، ناصرہ خان اور نصارہ عباسی کے نام زیر غور ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیرانتخابات : مسلم لیگ ن 25 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی
ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے اُمیدواروں کے ناموں کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کریں گے۔ تاہم آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے اُمیدوار کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب اوورسیز کشمیریوں کیلئے مختص نشست پر بھی تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا۔ اس نشست کیلئے احسان دانش، عبدالرحمٰن ارائیں، راجہ وسیم اور جاوید اقبال کے نام زیر غور ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کا اجلاس، وزیراعظم کیلئے 3نام ،مخصوص نشستوں پر خواتین سمیت 8 امیدوار شارٹ لسٹ
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے فیصلوں کے بعد آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے اُمیدوار کے نام کو حتمی شکل دی جائے گی، تاہم اس حوالے سے حتمی اعلان بعد میں متوقع ہے۔




