قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے لندن کیلئے روزانہ ایک پرواز چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت ہفتے میں مجموعی طور پر 7 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے اسلام آباد اور لاہور سے لندن کے لیے مشترکہ طور پر 7 ہفتہ وار پروازیں چلائے گی۔ ان میں اسلام آباد سے لندن کیلئے 5 جبکہ لاہور سے لندن کیلئے 2 پروازیں شامل ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکش ایئرلائنز سے سلاٹس واپس ملنے کے بعد پی آئی اے لندن کیلئے روزانہ پروازیں آپریٹ کرے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کا بڑا فیصلہ، سعودی عرب کے دو اہم شہروں کے لیے کرایوں میں کمی
واضح رہے کہ پی آئی اے نے تقریباً 6 سال کے طویل وقفے کے بعد 30 مارچ سے لندن کے لیے مسافر پروازیں دوبارہ شروع کی تھیں۔
پاکستان میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے اسکینڈل کے بعد یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) نے 2020 میں پی آئی اے کا یورپ کے لیے اجازت نامہ منسوخ کردیا تھا، جس کے نتیجے میں یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازیں معطل ہوگئی تھیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عارف حبیب گروپ کا پی آئی اے کے باقی 25 فیصد حصص خریدنے کا فیصلہ
بعد ازاں EASA نے دسمبر 2024 میں پاکستانی ایئرلائنز پر یورپ کے لیے عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا جبکہ برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی نے بھی جولائی 2025 میں پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندی اٹھا لی تھی۔




