کراچی : پاکستان کی قومی ایئرلائن نے سعودی عرب سفر کرنے والے شہریوں کے لیے خوشخبری جاری کر دی۔ ریاض اور دمام جانے والی پروازوں پر 40 فیصد رعایت کا اعلان کیا گیا ہے جو فی الفور لاگو ہو گئی ہے۔
ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب میں پاکستانی مسافروں کی سب سے زیادہ آمدورفت ریاض اور دمام کے راستے ہوتی ہے۔ اسی کثرتِ سفر کو مدنظر رکھتے ہوئے انہی دو روٹس پر کرایوں میں نمایاں کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بیرونِ ملک جانے والے پاکستانی شہریوں پر سفری بوجھ کم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عازمین حج کیلئے نسک کارڈ اپنے پاس رکھنا کیوں ضروری ہے؟
انتظامیہ نے واضح کیا کہ رعایتی نرخوں پر نشستیں ابھی سے محفوظ کرائی جا سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں ایئرلائن کے دفاتر، رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ حکام نے تاکید کی ہے کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے جلد بکنگ کروانا ضروری ہے۔
سفر کرنے والے شہریوں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی محنت کش اور تاجر باقاعدگی سے وطن آتے جاتے رہتے ہیں۔ ایسے میں کرایوں میں اس کمی سے بہت بڑی تعداد میں مسافروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کا کشیدگی پر اظہار تشویش، پاکستان کی ثالثی کی حمایت کا اعلان
پی آئی اے ترجمان کے بقول قومی ایئرلائن کی یہ پالیسی ہے کہ وقتاً فوقتاً مختلف بین الاقوامی روٹس پر خصوصی سہولتیں متعارف کرائی جائیں تاکہ مسافروں کو معیاری اور سستا سفر میسر آ سکے۔



