سام سنگ نے اپنے صارفین کو بڑا سرپرائز دیتے ہوئے ایک بار پھر پریمیم وائرلیس ہیڈ فونز کی مارکیٹ میں واپسی کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے حوالے سے ابتدائی معلومات سامنے آ گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر سام سنگ کا یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو اس ڈیوائس کا براہِ راست مقابلہ ایپل کے ایئر پوڈز میکس اور سونی کی ڈبلیو ایچ-1000 ایکس ایم سیریز جیسے معروف اور پریمیم ہیڈ فونز سے ہو گا۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی کے ان نئے ہیڈ فونز کو فی الحال “گیلیکسی ایچ ون” کے نام سے شناخت کیا جا رہا ہے، اور اس نام کے شواہد سام سنگ کی گیلیکسی ویئرایبل ایپ میں ملے ہیں۔ ایپ میں موجود بعض کنکشن اسٹیٹس آئیکنز نے اس نئی ڈیوائس کی موجودگی کی واضح نشان دہی کی ہے۔
ڈیزائن اور ساخت کی تفصیلا ت:
سامنے آنے والے ایپ آئیکنز سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اوور ایئر وائرلیس ہیڈ فونز ہو سکتے ہیں۔ لیک ہونے والی تصاویر میں سفید، سرمئی اور سیاہ رنگ کے ڈیزائن نظر آتے ہیں، جبکہ کچھ گرافکس میں ایئر کشنز کے لیے سرمئی اور سبز رنگ بھی دکھائی دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں آئی فونز ،سام سنگ کے فلیگ شپ فون سستے ہونے کا امکان
تصاویر کے مطابق ان ہیڈ فونز میں نسبتاً چوڑا ہیڈ بینڈ اور بڑے ایئر کپس دیے جا سکتے ہیں۔ تاہم یہ بات ابھی حتمی نہیں ہے کہ مارکیٹ میں آنے والی ڈیوائس کا ڈیزائن بالکل یہی ہوگا، کیونکہ ابتدائی تصاویر اور ایپ کے آئیکنز حتمی مصنوعات کی مکمل نمائندگی نہیں کرتے۔
ممکنہ فیچرز اور خصوصیات:
سام سنگ کی جانب سے اس نئی ڈیوائس میں ایکٹو نوائز کینسلیشن (اے این سی) شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جس کی مدد سے صارف بیرونی شور کو کم کر کے واضح آڈیو سن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایمبیئنٹ ساؤنڈ موڈ بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے جس کے ذریعے صارف ہیڈ فون اتارے بغیر اردگرد کی آوازیں سن سکے گا۔
نئے ہیڈ فونز میں جدید بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی، گیلیکسی ڈیوائسز کے درمیان خودکار سوئچنگ اور اے آئی اسسٹنٹ کا ذکر بھی رپورٹس میں شامل ہے، جس سے صارف گیلیکسی ایکو سسٹم میں موجود اے آئی سہولیات تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔ تاہم ان فیچرز کی باضابطہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔
آڈیو کوالٹی اور مارکیٹ میں اہمیت:
سام سنگ اپنے “سیم لیس کوڈیک” کو بھی ان ہیڈ فونز کا حصہ بنا سکتا ہے، جو مطابقت رکھنے والی گیلیکسی ڈیوائسز کے ساتھ بہتر اور ہائی ریزولوشن آڈیو فراہم کرتا ہے اور اس ڈیوائس کو پریمیم آڈیو صارفین کے لیے زیادہ پرکشش بناتا ہے۔
سام سنگ کی پریمیم ہیڈ فونز کے شعبے میں یہ واپسی طویل عرصے بعد ہو رہی ہے، کیونکہ کمپنی نے 2015 میں “لیول آن وائرلیس پرو” ہیڈ فونز متعارف کرائے تھے۔ اب گیلیکسی برانڈ کے تحت یہ قدم کمپنی کی آڈیو حکمت عملی میں ایک اہم تبدیلی ثابت ہو سکتا ہے۔ فی الحال ان ہیڈ فونز کی حتمی تاریخ، قیمت اور مکمل تفصیلات کے لیے صارفین کو سام سنگ کے باضابطہ اعلان کا انتظار کرنا ہو گا۔




