گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات کے دوران بیشتر معاملات پر بنیادی اتفاق رائے قائم ہو گیا ہے، جبکہ ہڑتال کے حتمی خاتمے کا انحصار باضابطہ معاہدے کی منظوری پر ہے۔
ذرائع کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال آج ختم ہوگی یا نہیں، اس حوالے سے حتمی معاہدے پر دستخط کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گورنر ہاؤس سندھ میں آج اس حتمی معاہدے پر باقاعدہ دستخط کیے جائیں گے۔
مذاکرات میں طے پانے والے نکات:
ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے
اس کے علاوہ حکومت 10 وہیلر گاڑی کے لیے مال برداری کے وزن کی اجازت بڑھانے پر بھی رضامند ہو گئی ہے، جس کے تحت اب گاڑی کا وزن 27.5 ٹن سے بڑھا کر 35 ٹن تک کیا جائے گا۔
لائسنس، انشورنس اور ٹیکس کےفیصلے:
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایچ ٹی وی لائسنس حاصل کرنے کے لیے ایل ٹی وی کی درکار مدت کو 3 سال سے کم کر کے 1 سال کرنے پر بھی مکمل اتفاق ہو چکا ہے۔
مزید برآں تھرڈ پارٹی انشورنس کی لازمی شرط ختم کرنے کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے؛ تاہم گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ودہولڈنگ ٹیکس 2 فیصد کرنے کا مطالبہ سخت رد کر دیا گیا ہے اور اسے سابقہ 7 فیصد کی شرح پر ہی برقرار رکھا جائے گا۔




