مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل )آزاد جموں و کشمیر کے 2026 کے جنرل انتخابات کا انتخابی عمل باغ کے دو حلقوں کے نتائج کیساتھ مکمل ہوگیا، باغ کے دونوں حلقوں میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے 1،1 نشست جیتی ہے۔
باغ کے انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی مجموعی نشستوں کی تعداد 25 ہو گئی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 12 نشستیں حاصل کی ہیں اور دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
باغ کے حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ میں پی پی پی کے نوجوان اُمیدوار سردار ضیاء القمرنے کامیابی سمیٹی جبکہ ایل اے 16 شرقی باغ سے ن لیگ کے اُمیدوار سردار میر اکبر خان نے سردار قمر الزمان کو شکست دیکر کامیابی حاصل کی ۔
دونوں حلقوں کے 23 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بعد رزلٹ سامنے آیا اور اس کے ساتھ باغ کے دونوں حلقوں کا انتخابی عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کا اجلاس، وزیراعظم کیلئے 3نام ،مخصوص نشستوں پر خواتین سمیت 8 امیدوار شارٹ لسٹ
ایل اے 15 وسطی باغ کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ اور گنتی کا عمل مکمل ہو گیا جس میں پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر نے اپنے مدمقابل لیگی اُمیدوار مشتاق منہاس کو ہرا کر نشست اپنے نام کی ہے۔
دوسری جانب ایل اے 16 شرقی باغ میں 14پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ اور گنتی کرائی گئی جس میں مسلم لیگ ن کے میر اکبر خان نے 20 ہزار 793 ووٹ حاصل کئے اور وہ کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان 16 ہزار 963 ووٹ لے سکے۔
باغ کے دونوں حلقوں کے نتائج کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی میں حکومت سازی کیلئے نون لیگ کی پوزیشن 25نشستوں کے ساتھ مزید مضبوط ہوگئی ہے جبکہ پیپلز پارٹی 12 سیٹوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن گئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باغ ری پولنگ:قمرالزمان کو شکست،مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر خان کامیاب
ذرائع کے مطابق راولاکوٹ اور سدھنوتی کے7 حلقوں میں انتخاب کا ہونا ابھی باقی ہے، ان حلقوں میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ایوان میں سیاسی اور پارلیمانی صورت حال کی حتمی تصویر مزید واضح ہوگی۔




