چکار(کشمیر ڈیجیٹل) جہلم ویلی کی خوبصورت تحصیل چکار اور سرحدی وادیِ لیپہ میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح 14 اگست، 79 واں جشنِ آزادی پاکستان مکمل قومی اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اس پروقار موقع پر دونوں وادیوں میں خصوصی تقریبات، پرچم کشائی کی تقاریب اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں شہریوں، نوجوانوں اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔
پاکستان اور کشمیریوں کا رشتہ نا قابلِ تنسیخ
تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتبِ فکر کے مقررین اور ممتاز شخصیات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور کشمیری قوم کا رشتہ دل اور روح کا ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت یا سازش کشمیریوں کو ان کی جاں سے پیاری مملکتِ خداداد پاکستان سے جدا نہیں کر سکتی۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان صرف ایک جغرافیائی خطے کا نام نہیں بلکہ ایک لازوال نظریے اور کروڑوں مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کی تعبیر ہے اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔
اسلاف کی قربانیوں کو خراجِ تحسین
خطاب کے دوران اسلاف اور تحریکی رہنماؤں کی تاریخی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے اس پاک سرزمین کے قیام کیلئے بیشمار اور لازوال قربانیاں دی ہیں۔ آج ہم اس نظریے، وطن کی سلامتی اور اس کے جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے پختہ محافظ ہیں۔
لیپہ اور چکار میں پرچم کشائی اور نعرے بازی
جشنِ آزادی کے حوالے سے وادیِ لیپہ اور چکار کی سرکاری و نجی عمارتوں، بازاروں اور گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔ جگہ جگہ سبز ہلاالی پرچم لہرائے جا رہے ہیں اور فضا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، معاشی استحکام، ترقی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔




