اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب اور بلوچستان کے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران طغیانی کا خدشہ ہے۔
پنجاب اور بلوچستان میں سیلاب کا خطرہ:
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں اچانک سیلاب کا درمیانے درجے کا خطرہ موجود ہے۔
بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل اور کوہلو میں بھی اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
بارکھان، لورالائی، دکی اور ڈیرہ بگٹی میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ:
خیبر پختونخوا کے چترال، سوات اور اپر دیر میں سوات اور پنجکوڑہ دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور طغیانی کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر، اورکزئی، ہنگو اور کرک میں بھی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ٹانک، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے ندی نالوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں بھی سیلاب کا خطرہ:
گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر اور گلگت کے ندی نالوں میں اچانک سیلاب کا درمیانے درجے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد:طوفانی بارشیں، الرٹ جاری، بلدیہ کا شہریوں سے ڈیزل اخراجات مانگنے کا انکشاف
شہریوں کو بھی بارشوں کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز اور محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔




